اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):سولر پینل، انورٹر اور بیٹریوں کے خام مال کو کسٹم ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔جمعہ کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کے لئے درآمدات پر انحصار کرتا ہے۔ ان درآمدات میں اضافہ افراط زر کی ایک اہم وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قیمت میں کمی کرنے کے لیے حکومت کوئلے کے استعمال اور شمسی توانائی کو فروغ دینے کا پختہ ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئلے سے چلنے والے بجلی کے کارخانوں کو ترغیب دی جارہی ہے کہ وہ مقامی کوئلہ استعمال کریں، انہوں نے کہا کہ سولر پینل، انورٹر اور بیٹریوں کے خام مال کو کسٹم ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دیا جا رہا ہے ۔











