شیخوپورہ ،14 جون (اے پی پی): محکمہ اطلاعات و ثقافت اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام نوجوان طلباء و طالبات کی بنائی ہوئی خطاطی اور پینٹنگ کی نمائش کا اہتمام کیا گیا،گورنمنٹ فاطمہ جناح پبلک لائبریری میں ہونے والی نمائش کا افتتاح ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس میاں نذیر احمد اور چیف آفیسر ضلع کونسل احسن عنایت سندھو نے کیا۔
نمائش میں بڑی تعداد میں طلباو طالبات کے بنائے فن پارے رکھے گئے تھے۔ طلبا و طالبات نے اسماء حسنیٰ ، حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک نام ، قرآنی آیات اور پاکستانی ثقافت کو اپنی خطاطی اور پینٹنگ کا موضوع بنایا۔
شہریوں اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے نمائش دیکھی اور ضلعی انتظامیہ کے اس انعقاد کو خوب سراہا۔
ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور نے شیخوپورہ میں مستقبل میں ایسی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور نوجوان مصوروں کی صلاحیتں مزید نکھر کر سامنے آئیں گی اور نئے فن پارے دیکھنے کو ملیں گے۔
نمائش کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹ اور انعامات تقسیم کیے گئے۔











