لاہور،15 جون(اے پی پی): صوبائی وزراء ایس ایم تنویر اور بلال افضل نے ضلع رحیم یار خان کا دورہ کیا۔ صوبائی وزراء نے ڈپٹی کمشنر آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان شکیل احمد بھٹی نے نگران صوبائی وزراء کو بریفنگ دی۔
صوبائی وزراء نےضلعی انتظامیہ کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر نگراں صوبائی کابینہ پنجاب کے مختلف اضلاع کے دورے کر رہی ہے۔کسانوں کی فلاح و بہبود اور زراعت کی ترقی ہماری ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کہا کہ زیادہ کپاس اگاؤ مہم کے تحت حکومت پنجاب کسانوں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار گندم اور کپاس کی بہتر امدادی قیمت مقرر کی اور رمضان المبارک میں حکومت پنجاب کی مفت آٹا تقسیم پروگرام میں ضلع رحیم یار خان کی مجموعی کارکردگی بہترین رہی۔
صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کا فروغ نگراں صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ نگراں حکومت صوبہ کی عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔
بلال افضل نے کہا کہ نگراں حکومت کی کوشش ہے کہ تمام منصوبے جلد مکمل ہوں تاکہ عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے کہا کہ گندم خریداری اور کپاس اگاؤ مہم میں ضلع رحیم یار خان نے اپنے اہداف 95 فیصد تک حاصل کر لیے۔اس موقع پر سیکرٹری مواصلات جنوبی پنجاب جواد اکرم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد رضا بٹ بھی اجلاس میں شریک تھے ۔