لاہور،15 جون ( اے پی پی): نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے عوام سے ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب کو مل کر ڈینگی کو شکست دینا ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں عالمی یوم ڈینگی کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں کیا۔سیمینار پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن اور عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منعقد کروایا گیا۔ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر صومیہ اقتدار نے ڈینگی بیماری کی علامات اور احتیاطی اقدامات پر روشنی ڈالی۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ ڈینگی ڈے کی مناسبت سے انتہائی اہم سیمینار کے انعقاد پر پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن اور عالمی ادارہ صحت کو مبارکباد دیتا ہوں۔ڈینگی کوئی نئی بیماری نہیں ہے یہ دنیا کی بڑی بیماریوں میں سے ایک ہے جس نے بہت معصوم انسانیت کو نشانہ بنایا ہے ۔
اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ پاکستان ڈاکٹر پالیتھا ماہیپالا، نگران صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر، ڈاکٹر آفتاب محسن، عالمی ادارہ صحت سے ڈاکٹر جمشید، ڈاکٹر یداللہ، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل ودیگر نے شرکت کی۔











