صوبائی وزراء ایس ایم نتویر اور بلال افضل کا دورہ ڈی جی خان، ایوان صنعت و تجارت میں صنعتکاروں اور تاجروں سے ملاقاتیں کیں

8

لاہور، 16جون(اے پی پی): صوبائی وزراء ایس ایم تنویر اور بلال افضل نے ڈی جی خان کا دورہ کیا۔ صوبائی وزراء نے ایوان صنعت و تجارت میں صنعتکاروں اور تاجروں سے ملاقاتیں کیں اورکمشنر آفس میں بریفنگ اجلاس کی صدارت کی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے ڈی جی خان ڈویژن میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا اعلان کیا۔ صوبائی وزیر نے کمشنر کوانڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے مناسب جگہ کا انتخاب کرنے، فزیبلٹی سٹڈی اور سفارشات تیار کر نے کی بھی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعتیں لگنے سے ہی روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔تاجر برادری کے مسائل کے حل اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر ایکسائزبلال افضل نے کہا کہ ڈی جی خان کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے مزید واٹر فلٹریشن پلانٹس کے لئے تاجر برادری تعاون کرے۔ بلال افضل نے کہا کہ اس سال کپاس کی اچھی فصل ہوگی

صوبائی وزراء نے کہا کہ ہم سیاست دان نہیں ورکرز ہیں، عوام کی فلاح کے لئے کام کرتے رہیں گے۔ کپاس کی فی ایکڑ پیدا وار میں اضافہ کیلئے ٹیل تک وافر مقدار میں نہری پانی پہنچایا جائے۔اس سال 5ارب ڈالر کی کپاس پیدا کرنے جارہے ہیں۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ معیاری کھاد اور زرعی ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔پاکستان کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے بطور قوم کام کرنا ہوگا۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ9مئی ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔صوبائی وزراء نے میونسپل سروسز کی بہتری اور عوام کے مسائل بروقت حل کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود نے کچہ آپریشن، آسان رسائی کھلی کچہری، پرائس کنٹرول،کپاس کی کاشت اور دیگر امور پر بریفنگ دی۔صنعتکاروں اور تاجروں نے صنعت اور تجارت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔