مری، 23جون(اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر وزیر پرائمری ہیلتھ و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصرنے ٹی ایچ کیو مری کا دورہ کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ گرمیوں میں پورے پاکستان سے سیاح مری آتے ہیں، اس لئے ٹی ایچ کیو مری میں رش کے باعث خصوصی انتظامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مری میں ڈائیلیسز 15 جولائی سے شروع ہو گا، ایک ہفتہ میں آپریشن تھیٹرز بھی فنگشنل کریں گے،موسم گرما اور عید کی چھٹیوں میں سیاحوں کا رش ہو گا، تمام کنسلٹنٹ اور ڈاکٹر خصوصی ڈیوٹی دیں۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ کیمرے لگائے ہیں، لاہور سے مری اور کوٹلی کے ہسپتالوں کو خود مانیٹر کرتا ہوں، ٹی ایچ کیو میں گائنی اور پیڈز سمیت تمام شعبوں میں 24 گھنٹے ڈاکٹرز اور عملہ کی موجودگی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہاکہ عام شہریوں کو صحت عامہ کی بہترین سہولیات کو یقینی بنائیں ۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ پتھالوجی لیب میں 24 گھنٹے عملہ موجود ہو، مریضوں کو بے جا انتظار نہ کرنا پڑے ٹی ایچ کیو مری ڈاکٹرز کی سرکاری رہائشیوں کو یقینی بنائیں جبکہ مری میں بنیادی مراکز صحت کو بہتر کر رہے ہیں تاکہ ٹی ایچ کیو پر رش کم ہواو پی ڈی میں صبح کے وقت پرچی بنانے پر زیادہ عملہ تعینات ہو تاکہ مریضوں کو انتظار نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ مری میں ادویات کے بجٹ میں اضافہ کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے او پی ڈی، پتھالوجی لیب، ڈینٹل کلینک اور ایکسرے روم کا معائنہ کیااور خود مریضوں کی شوگر چیک کی۔
اس موقع ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر انصر اسحاق، سی ای او ڈاکٹر اعجاز اور دیگر بھی موجود تھے۔











