لاہور، 16جون(اے پی پی): سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید کی زیر صدارت ریونیو اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ممبر ٹیکسز طارق قریشی، ممبر کالونیز محمد خان رانجھا، ڈی جی پی ایل آر اے سائرہ عمر، سیکرٹری ریونیو مہر شفقت اللہ مشتاق، سیکرٹری کالونیز، ڈپٹی سیکرٹری سٹاف رومان برآنہ سمیت دیگر متعلقہ افسران اجلاس میں شریک تھے۔صوبہ کے ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی، ڈویژنل کمشنرز، ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سائرہ عمر و دیگر افسران نے ایس ایم بی آر کو ریونیو اقدامات پر عملدرآمد بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے کہا کہ صوبہ بھر میں کمپیوٹرائزڈ موضع جات میں ای رجسٹریشن سسٹم کے تحت رجسٹری کے ساتھ سنگل کلک پر انتقالات پاس کیے جا رہے ہیں جبکہ افسران کو مینول موضع جات میں 7 یوم کے اندر انتقالات پاس کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف پیڈا ایکٹ و دیگر قوانین کے تحت سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام الناس کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اراضی ریکارڈ سنٹرز اور دیہی مراکز مال میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جائے اور ہفتہ وار دفاتر کے اچانک وزٹ بھی کیے جانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے (بغیر کمپیوٹرائزڈ)مینول موضع جات کو پلس پراجیکٹ کے تحت کمپیوٹرائزڈ کرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے افسران اپنی نگرانی میں ریکارڈز کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ایس ایم بی آر نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ لینڈ پر قائم پٹرول پمپس اور دوکانوں کے آکشن پراسس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اسٹیٹ لینڈ کو عارضی لیز پر دینے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں، اسٹیٹ لینڈ پر ناجائز قابضین کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور اسٹیٹ لینڈ کو واگزار کروا جائے، دباؤ کو ہرگز برداشت نہ کیا جائے۔سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے کہا کہ ای آبیانہ کی ریکوری گردواری کی بنیادوں پر کی جائے، ریکوری فیلڈ فارمیشن کی ذمہ داری ہے، ریونیو، آبیانہ و دیگر ٹیکسز کی ریکوری 30 جون تک ہر صورت مکمل کی جائے۔انہوں نے کہا کہ مسنگ رجسٹریوں کے معاملے پر افسران کو خصوصی ٹاسک سونپ دیے گئے ہیں اور پینڈنگ انتقالات میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ایس ایم بی آر نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو شہریوں کی جائیدادوں کے ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہے انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے شہریوں کو گھر کی دہلیز پر ریونیو خدمات فراہم کرنے کے لیے کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔