عیدالاضحیٰ اور مون سون کے پیش نظر محکمہ لائیو سٹاک بالخصوص جنوبی پنجاب میں ویکسینیشن بروقت مکمل کر لیں: نگران وزیر مواصلات و ایکسائز پنجاب بلال افضل

14

لاہور، 9 مئی(اے پی پی): نگران وزیر مواصلات و ایکسائز پنجاب بلال افضل کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ڈزاسٹر مینجمنٹ کا اجلاس جمعہ کے روز سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر میں انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تمام کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دی۔کابینہ کمیٹی نے ہدایات جاری کیں کہ

تمام محکمے اپنے اپنے علاقوں میں فلڈ فائٹنگ آزمائشی مشقیں مکمل کر لیں، ڈپٹی کمشنر اپنے علاقہ میں دریاؤں کے کناروں سے تجاوزات ہٹوائیں جبکہ محکمہ بلدیات اور محکمہ ہاؤسنگ نکاسی کے نالوں کی بروقت صفائی یقینی بنائیں۔ بلال افضل نے کہا کہ عیدالاضحیٰ اور مون سون کے پیش نظر محکمہ لائیو سٹاک بالخصوص جنوبی پنجاب میں ویکسینیشن بروقت مکمل کر لیں، پہاڑی علاقوں کے تمام کمشنر اور ڈپٹی کمشنر برساتی نالوں کی لمحہ بہ لمحہ صورتحال پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے سیکریٹری آبپاشی اور کمشنر ڈی جی خان کو ہدائت کی کہ کچھی کینال اور برساتی نالوں کا مل کر معائنہ کریں اور کم سے کم سیلابی نقصانات یقینی بنائیں۔انہوں نے ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کو تاکید کی کہ ممکنہ سیلاب میں قیمتی جانیں بچانے کے لیے مستعد رہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام محکموں کو مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔ کابینہ کمیٹی نے ساہیوال میں قطب شاہانہ دریائی بند کی سکیم کی مظوری بھی دی۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے ہدائت کی کہ تمام کمشنر اور ڈپٹی کمشنر محکمہ آبپاشی کے ساتھ مل کر دریائی کٹاؤ والے علاقوں کا خود معائنہ کر کے بروقت حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ ڈی سی اور کمشنر جان بچانے والی ادویات کے ویئر ہاؤسز کا خود معائنہ کرکے مطلوبہ سٹاک کی موجودگی یقینی بنائیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے کہا کہ جن ڈپٹی کمشنروں نے تاحال ڈی سلٹنگ رپورٹ نہیں بھجوائی وہ فوری بھجوا دیں۔دریں اثناء محکمہ موسمیات کے نمائندہ نے بتایا کہ گزشتہ سال کی نسبت مون سون بارشیں کم متوقع ہیں۔ تمام محکموں کے افسران نے تیاریوں پر بریفنگ دی اور مسائل بھی پیش کیے۔