لاہور،27 جون(اے پی پی):وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر اور وزیر ہاؤسنگ سید اظفر علی ناصر نے ایل ڈبلیو ایم سی سپیشل مانیٹرنگ سیل کا افتتاح کر دیا۔ صوبائی وزراء نے عید الاضحیٰ پر ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے کئے گئے خصوصی انتظامات پر بریفنگ لی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و بلدیات عامر نے کہا عید کے دنوں میں صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کیلئے آج ایل ڈبلیو ایم سی آفس کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ایل ڈبلیو ایم سی عید کے دنوں میں صفائی کے بہترین انتظامات کریں گے۔ نگران کابینہ کے تمام ممبران بھی اپنے متعلقہ اضلاع میں انتظامیہ کے ہمراہ متحرک ہونگے۔
وزیر ہاؤسنگ بیرسٹر اظفر علی ناصر نے اس موقع پر کہا کہ عید کے دنوں میں واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی کا کام بڑھ جاتا ہے۔ عید کے تینوں دن صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام ایل ڈبلیو ایم سی کی طرف سے فراہم کردہ بائیو ڈی گریڈ ایبل بیگز میں آلائشیں ڈالیں۔ انتظامیہ اپنا کام کر رہی ہے، عوام بھی تعاون کریں اور گندگی سڑکوں پر نا پھینکیں۔
وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ شاپنگ بیگ گٹروں اور سیوریج لائنز کو بند کر دیتے ہیں، جس سے پانی کھڑا ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واسا نے حالیہ بارشوں میں اچھی کارکردگی دکھائی۔ ماضی میں یہاں پانچ پانچ دن پانی کھڑا رہتا تھا۔