لوک ورثہ شکرپڑیاں اسلام آباد میں پانچ روزہ ثقافتی میلہ شروع ہوگیا

10

اسلام آباد،15جون  (اے پی پی):لوک ورثہ وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت  کے تحت پانچ روزہ ثقافتی میلہ  لوک ورثہ شکرپڑیاں اسلام آباد میں شروع ہوگیا۔ میلے کا  بنیادی مقصد پاکستان کے ثقافتی ورثہ کو فروغ دینا ہے۔میلے کا مقصد وفاق کی تمام اکائیوں کو ثقافتی انداز میں ایک دوسرے کے  درمیان قومی ہم آہنگی اور انضمام کو مضبوط کرنا ،  ماہر ہنرمندوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا اور اُن کی مالی معاونت کرنا ہے۔اس میلے کا ایک اور مقصد ماہر ہنر  مندوں  اور لوک فنکاروں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے اور قومی سطح پر اپنے فن کو منوانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس میلے کے دوران ہنرمند اپنی بنائی ہوئی مصنوعات بغیر کسی ایجنٹ کے براہِ راست  عوام کو فروخت کر سکتے  ہیں اور اپنی مناسب اجرت حاصل کر سکتے ہیں۔

ثقافتی میلے کی اہم سرگرمیوں میں افتتاحی تقریب شامل ہے جو 15 جون کو شام 7 بجے لوک ورثہ اوپن ایئر تھیٹر میں منعقد ہوئی۔ انجینئر امیر مقام مشیر برائے قومی ورثہ و ثقافت مہمانِ خصوصی تھے۔16جون بروز جمعہ ایک کلچرل ڈائیورسٹی شو رات 8 بجے لوک ورثہ اوپن ایئر تھیٹر میں منعقد ہو گاجس میں تمام صوبوں اور علاقوں کے نمائندگی کرتے ہوئے لوک فنکار پرفارم کریں گے۔17 جون بروز ہفتہ رات 8 بجے لوک ورثہ اوپن ایئر تھیٹر میں پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کی جانب سے ثقافتی طائفہ  پرفارم کرے گا۔

ثقافتی میلہ کی اختتامی تقریب پیر19 جون کو رات 8 بجے منعقد کی جائیگی۔  میلے میں روزانہ کی  پُرکشش تقریبات  میں ماہر دستکاروں کے کام کی نمائش، لوک پینٹنگ کی نمائش، میو کمیونٹی کی طرف سے ثقافتی نمائش ،مشہور لوک رقص، روائتی ڈھولی کی پُرفارمنس، کرافٹ بازار، علاقائی کھانے، کٹھ پُتلی تماشہ اور بچوں کے تفریح پروگرام شامل ہیں- یہ میلہ روزانہ دوپہر12 بجے سے رات 11 بجے تک جاری رہے گا- میلہ میں داخلہ ٹکٹ سو روپے اور طالب علموں کے لیے 50 روپے فی کس ہے۔