محکمہ خوراک پشاور کی کارروائی ، مرغیوں کی ہڈیوں سے قیمہ تیار کر کے سپلائی کرنے والا 4رکنی گروہ  گرفتار

70

پشاور،15جون  (اے پی پی):محکمہ خوراک پشاور  نے کارروائی کرتے ہوئے مرغیوں کی ہڈیوں سے قیمہ تیار  کر کے شہر بھر میں  سپلائی کرنے والے 4رکنی گروہ کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا  اور  مضر صحت قیمے کو تلف کردیا ہے ۔

  راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹر ولرز تسبیح اللہ اور کمال احمد نے ہشت نگری میں گوداموں پر چھاپے مارے جہاں پر مرغیوں کی ہڈیوں سے مشینوں کے ذریعے قیمہ نکالا جا رہا تھا جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے مشینوں اور 450 کلو ہڈیوں سے تیار قیمہ کو قبضے میں لے کر تلف کردیا  اور ملزمان کو جیل منتقل کردیا۔

 واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی محکمہ خوراک نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم گوداموں سے 20ہزار کلو گرام سے زائد مضر صحت قیمہ برآمد کیا تھا۔ محکمہ خوراک کے افسران نے واضح کیا کہ مذکورہ گودام میں مرغیوں کی ہڈیوں سے قیمہ تیار کرنے کے بعد قیمہ کو شادی ہالوں،شامی کباب، سموسہ رول، چپلی کباب اور سیخ کباب فروشوں کو سپلائی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عنقریب غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی خرید و فروخت میں ملوث شادی ہالز مالکان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران شہریوں کو صاف ستھری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام  صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ پوائنٹس مالکان مضر صحت اشیاکی خرید و فر وخت سے گریز کریں بصورت دیگر فوڈ ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پشاور بھر میں مضر صحت اشیائے خوردونوش کی تیاری اور فروخت میں ملوث فوڈ پوائنٹس مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔