ملتان؛ریسکیو1122کیجانب سے دریائے چناب ہیڈ محمد والہ پر سیلاب سے نمٹنے  کے حوالے سے دوسری عملی مشقوں کا انعقاد

19

ملتان،03 جون(اے پی پی): حکومت پنجاب کی ہدایت پر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122نے ممکنہ سیلاب سے نبردآزما ہونے کیلئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو1122ملتان ڈاکٹر کلیم اللہ، ایمرجنسی آفیسر آپریشن محمد ارشد خان اور ایمرجنسی آفیسر ایڈمن انجینئرمحمد بلال کی زیر نگرانی دریائے چناب ہیڈ محمد والہ پر سیلاب سے نمٹنے  کے حوالے سے دوسری عملی مشقوں کا انعقاد کیا گیاجس میں پولیس، ٹریفک پولیس محکمہ ہیلتھ، پاپولیشن ویلفئیر،سوشل ویلفئیر،مقامی این جی اووز، لائیوسٹاک،محکمہ انہار  اور ریسکیو رضاکاروں  نے بھرپور شرکت کی۔جس میں ان تمام اداروں میں ایمرجنسی سے متعلق پہلے سے طے شدہ ذمہ داریوں کے اظہار کے طور پر کیمپ لگائے اور اپنی دورانِ سیلاب ذمہ داریوں کے حوالے سے عملی مظاہرہ کیا۔

عملی مشقوں میں  ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس ملک سمیع نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اس سال کی دوسری فرضی مشقوں کا معائنہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ملتان ڈاکٹر کلیم اللہ نے مہمانِ خصوصی کوفرضی سیلابی ریسکیو کیمپ کا دورہ کرایا۔ انہوں نے تمام شرکاء کا شکریہ اداکیا۔

 فرضی مشقوں میں ریسکیو1122کے اہلکاروں نے سیلاب زدگان کو بذربعہ کشتی محفوظ مقام  پر منتقل کرنے کے ساتھ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے فیلڈ ہسپتال منتقل کیا اور اگربغیر کشتی کے کسی کو ریسکیو کرنا پڑے تو اس کی تیاری کے اظہار کے لیے ریسکیورزنے تیراکی کا عملی نمونہ بھی پیش کیا۔ اسی طرح ڈوبتے ہوئے شخص کو نکالنے کیلئے ریسکیو 1122کے غوطہ خوروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

 کنٹرول روم انچارج ریسکیو1122محمد مدثرضیاءکی ٹیم نے وہاں پر  ایمرجنسی کنٹرول روم بنایا جسکا براہ راست رابطہ ریسکیو1122کے ضلعی کنٹرول روم کے ساتھ  تھااور اسی طرح کشتی کی حرکت کی مانٹیرنگ  کیمپ بھی لگایا گیاجہاں سے آپریشن میں استعمال ہونے والی کشتیوں کا جائزہ لیا جاتا رہا۔

عملی مشقوں کے بعد مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس ملک سمیع نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تمام اداروں خصوصاََ ریسکیو1122ملتان کی شمولیت کی تعریف کی اور انکی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم ممکنہ سیلاب کیلئے تیار ہیں جبکہ ابھی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

 ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ملتان ڈاکٹر کلیم اللہ نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی عملی مشقوں کا مقصد تمام اداروں کے دستیاب وسائل کی تیاری، آپس میں باہمی رابطہ،ممکنہ سیلاب پرریسپانس اور اپنے آلات کی تیاری اور درستگی کی تصدیق شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ آنے والے موسم میں سیلاب سے متعلق کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہماری تیاریاں مکمل ہیں اور انھوں نے ریسکیورز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارا فخر ہیں دوسروں کیلئے رول ماڈل ہیں جیسے آپ نے روزانہ کی ایمرجنسی کے دوران لوگوں کی بڑھ چڑھ کے خدمت کی ہے اسی طرح اپنے آپ کو سیلاب ایمرجنسی کیلئے بھی تیار رکھیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122ملتان کے نوجوان ہر دم تیار ہیں اور متاثرین کی ہر قسم کی مدد ریسکیورکی  اولین  ترجیح ہے۔