ملتان ،14 جون ( اے پی پی): ڈی جی پی ایچ اے ملتان آصف رؤف خان نے کہاہے کہ پارکوں ، گرین بیلٹس پر شجر کاری اور لینڈ سکیپنگ پر بھرپور توجہ دی جائے۔مون سون شجرکاری کے لئے جامع منصوبہ بندی تیار کی جائے۔گرمی کی شدت کے پیش نظر گرین بیلٹس اور پارکوں میں پودوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہارٹیکلچر ونگ کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس محمد اختر منڈھیرا،ڈائریکٹر ہارٹیکلچرسعدقریشی،ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹیکلچر محمد سلیم اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن حافظ نعیم عباس بھی موجود تھے۔
آصف روف خان نے مزید کہا کہ شہریوں کو پارکوں میں تمام تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں، درپیش مسائل کو فوری حل کیا جائے،پارکوں کے اندر اور باہر کوڑا کرکٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا،شہریوں کےلئے پارکوں میں صاف پانی کی فراہمی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،واٹر پلانٹس کی صفائی اور تزئین وآرائش کو یقینی بنایا جائے،سایہ دار درختوں کی شجرکاری کے لئے مربوط حکمت عملی تیار کر کے عملی جامع پہنایا جائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پی ایچ اے زیر تکمیل پراجیکٹس کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے اقدامات کر رہاہے،ریلوے بوگیوں کی تزئین و آرائش کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے،شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔











