میونسپل کمیٹی ٹنڈو آدم میں کرپشن اور ڈیوٹی چوری ہرگز ناقابل برداشت ہے ؛نو منتخب چیئرمین غلام مرتضیٰ جونیجو

26

حیدرآباد، 22 جون (اے پی پی): میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم کے نئے منتخب چیئرمین غلام مرتضیٰ جونیجو  نے کہا ہے کہ میونسپل کمیٹی ٹنڈو آدم میں کرپشن اور ڈیوٹی چوری کوہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، شہر کوہر حال میں روشنیوں کا شہر بناکر صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے گا، بلدیہ ٹنڈوآدم میں 5کروڑ سے زائد کی کرپشن پر حکام بالا کی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہارر میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم کے نئے منتخب چیئرمین غلام مرتضیٰ جونیجو نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوے کیا۔غلام مرتضیٰ جونیجو   نے کہا کہ  چیئرمین کا حلف اٹھانے سے ایک دن پہلے لاکھوں روپے کے پیٹرول کے بل بنانے والے معاملے اور گزشتہ دور میں ہونے والی کرپشن پر انکوائری شروع کی گئی ہے۔انہوں  نے کہا کے سینٹری ورکرز سمیت جو بھی عملہ کام کرے گا اس کو تنخواہ دی جائے گی، گھر بیٹھے تنخواہیں لینے والوں کا دور ختم ہوچکا ہے، میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم کی تباہ شدہ مشینری فائربرگیڈ کچرے کی گاڑیاں چنگ چی لوڈر کی مرمت کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔

چیئرمین غلام مرتضیٰ جونیجو نے کہا کہ شہر میں پینے کے صاف پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے، فوری طور پر غیر فعال فلٹر پلانٹس کو فعال کر کے شہریوں کو صاف پانی کی سہولت فراہم کی جائے گی ،شہر کے مختلف علاقوں میں لگی ہوئی 154 سولر لائٹ میں سے صرف 21 فعال ہیں،  باقی بند ہیں ان پر بھی کام شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ  کباڑخانے کے حوالے کی گئی ایمبولینس کی مرمت کا کام شروع کیا گیا ہے موت یا کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہر کے ہر شہری کو فری ایمبولینس سروس فراہم کی جائے گی، نکاسی آب کے لئے 16 موٹر پائپ تھے جس میں سے آج ایک بھی موجود نہیں ہے، ایمرجنسی بارشوں کی صورت میں شہر سے پانی کیسے نکالا جائے گا ؟اس پر بھی کام شروع کیا گیا۔

چیئرمین غلام مرتضیٰ جونیجو نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی کروڑوں روپے پنشن بقایا ہے وہ سخت پریشان ہیں ان پر بھی پیپر ورک شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شہری مسائل کی نشاندہی کریں ہم 24 گھنٹے ان کی خدمت کے لیے حاضر ہیں۔