نوشہرہ ورکاں،12جون( اے پی پی):پنجاب بھر میں بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کا آغاز ہو گیا ہے اس سلسلے میں میونسپل کمیٹی نوشہرہ ورکاں میں چیف آفیسر نوشہرہ ورکاں سدرا ڈار کو ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔
بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں الیکشن میں حصہ لینے کے لیے الیکٹورل گروپ آزاد امیدواران کی حیثیت سے رجسٹریشن کے لیے فارموں کے حصول کا سلسلہ جاری ہے جس کے لیے 6 جون سے 12 جون تک انتخابی گروپ کے سربراہ یا اس کے مجاز نمائندوں کے ذریعے مجاز افسران کو درخواستیں جمع کروانا تھیں اور اس پراسس کے آغاز کی آج آخری تاریخ تھی اور میڈیا میں خبروں کی اشاعت کے بعد میونسپل کمیٹی آفس سے فارموں کے حصول کے لیے امیدواروں کی لائن لگی دکھائی دی۔
جانچ پڑتال کے بعد فارم- I میں نامکمل معلومات یا کمی وغیرہ کی صورت میں متعلقہ الیکٹورل گروپ کو درخواست واپس کرنے کی آخری تاریخ 19 جون 2023 مقرر ہے ، انتخابی گروپ کے سربراہ یا اس کے مجاز ایجنٹ کے ذریعے فارمI- کو دوبارہ جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 جون مقرر کی گئی ہے۔ سرٹیفکیٹ کے اجراء اور اشاعت کی تاریخ 27 جون سے 3 جولائی جبکہ الیکٹورل گروپ کے اندراج کے لیے درخواست کو مسترد کرنے / قبول کرنے کے لیے مجاز آفیسر کی جانب سے تاریخیں 4 جولائی سے 10 جولائی ہیں اور شیڈول میونسپل کمیٹی میں آویزاں کر دیا گیا ہے جبکہ نمائندگیوں کے ازالے کے لیے مقرر کردہ مجاز افسر کے ذریعے اپیلوں کا فیصلہ کرنے کی تاریخ 17 جولائی مقرر کی گئی ہے اور ذرائع کے مطابق اگست میں بلدیاتی انتخابات متوقع ہیں۔











