نگران صوبائی وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد کا دورہ قصور

21

قصور۔16جون (اے پی پی نیوز )نگران صوبائی وزیر بلدیات ابراہیم حسن مراد  نے قصور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر نے بریفنگ اجلاس میں بلدیاتی اداروں کی کارکردگی اور جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔

نگران صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ دربار حضرت بابا بلھے شاہ پر حاضری دی۔  پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کی۔  نگران صوبائی وزیربلدیات نے مصطفی آباد اخوت یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا۔  یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کا معائنہ کیا اور تدریس کے عمل کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر نگران صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد  نے  کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کے ویژن کیمطابق محکمہ بلدیات میں بہتری لائی جارہی ہے۔   شہریوں کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ دیہی علاقوں میں شہر کی طرز پر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ”اب گاؤں چمکیں گے“پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ تمام بلدیاتی ادارے شہریوں کی فلاح وبہبود کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔  شہریوں کو صاف ستھرا اور خوبصورت ماحول فراہم کرنے کیلئے بلدیاتی ادارے اپنا عملی کردار ادا کریں۔

 بلدیاتی اداروں کی تمام سروسز کو بہت جلد ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔ ڈیجیٹل سروسز سے نظام میں شفافیت اور ٹائم کی بچت ہو گی۔ نکاح نامہ، برتھ سرٹیفکیٹ، ڈیتھ سرٹیفکیٹس سمیت تمام سروسز آن لائن موجود ہونگی۔ انہوں نےمزید کہا کہ ڈیجیٹل سروسز سے شہری اپنے موبائل کے ذریعے تمام سرٹیفکیٹس حاصل کر سکیں گے۔