لاہور،18جون (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اتوار کو کالج آف فزیشنز این سرجنز پاکستان لاہور کا دورہ کیا۔صدر سی پی ایس پی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے نگران صوبائی وزیر صحت کا استقبال کیا۔
اس موقع پر نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کی۔اس موقع پر صدر کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے سی پی ایس پی کی کارکردگی اور کامیابیوں بارے آگاہ کیا۔ڈاکٹر اسد رحم نے برطانیہ میں سی پی ایس پی کو مزید فعال بنانے کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ سی پی ایس پی برطانیہ سے آئے جاوید کیانی اور ڈاکٹر اسد رحیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان ڈاکٹرز کو انتہائی بہترین ٹریننگ فراہم کر رہا ہے۔ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کا شمار ملک کی اعلی طبی درسگاہوں میں ہوتا ہے، برطانیہ میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کو مزید فعال بنانے کا اقدام انتہائی اہم ہے۔
ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کی قیادت میں سی پی ایس پی انتہائی شاندار کام کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی نگراں حکومت صحت کے شعبہ کے ادھورے منصوبوں کو بھی مکمل کررہی ہے۔
اس موقع پر پروفیسر اختر سہیل چغتائی نے بھی خطاب کیا جبکہ ریجنل ڈائریکٹرز سی پی ایس پی یوکے جاوید کیانی اور ڈاکٹر اسد رحیم، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، سابق وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان، ڈاکٹر حبیب، پروفیسر ابرار اشرف، پروفیسر خالد محمود، پروفیسر طیب، ڈاکٹر زہرہ خانم، پروفیسر اعجاز حسین، پروفیسر احمد نعمان، پروفیسر اختر سہیل چغتائی، پروفیسر ریاض وڑائچ، پروفیسر عائشہ شوکت، ڈاکٹر اقبال ڈوگر، ڈاکٹر عاقب و دیگر عہدیداران نے بھی اجلاس شرکت کی۔