لاہور،31مئی ( اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کا دورہ کیا، ہسپتال کے لان میں پودا لگا کر شجرکاری کا رسمی آغاز کیا۔محسن نقوی نے لیڈی ولنگٹن ہسپتال کے مخصوص جھنڈے کی پرچم کشائی کی بیسمنٹ اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔
محسن نقوی نے ہسپتال کی بیسمنٹ میں مدتوں سے کھڑا پانی نکالنے کی ہدایت کی اور تاریخی عمارت کی بطور ہیرٹج بحالی کا حکم دیا ۔انہوں نےلیڈی ولنگٹن ہسپتال کی تعمیر و بحالی کا کام 90 دن میں مکمل کرنے کی ہدایت کی اور بیڈز کی تعداد 300 تک بڑھانے ،ہسپتال سے ملحق مڈ وائفری سکول کی عمارت میں او پی ڈی قائم کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کو لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی ایم ایس اور پرنسپل کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج محمو د ایاز نے بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پیتھالوجسٹ، ریڈیالوجسٹ اور انستھیزیالوجسٹ کی خالی آسامیاں پر کرنے کی اصولی منظوری بھی دی۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، صوبائی وزیر سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹرمحمود ایاز اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔