نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس،9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کا جیل کے اندر ٹرائل کا فیصلہ 

13

لاہور،15جون ( اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں  9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کا جیل کے اندر ٹرائل کا فیصلہ  کیا گیا۔ ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات کی سماعت روزانہ ہو گی ،جیل کے اندر ٹرائل کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو باقاعدہ آگاہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کوتیز کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نےپولیس اور محکمہ پراسیکیوشن کو ملزمان کے خلاف مضبوط شہادتیں پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ  9 مئی کے واقعات میں ملوث کسی بھی شرپسند کو معاف نہیں کیا جائے گا اورکسی بے گناہ کو سزا نہیں ہونے دی جائے گی۔

 نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نےمفرور شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا ۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تفتیش کے دوران بے گناہ ثابت ہو نے پر 200 افراد کو بری کر دیا گیا ہے۔  شرپسندو ں کے خلاف مقدمات مضبوط شہادتوں کے ساتھ پیش کئے جا رہے ہیں۔

 چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سی سی پی اولاہور، سیکرٹری پراسیکیوشن،کمشنر لاہور ڈویژن اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔