نیب کو اس کا کھویا مقام دلانا اولین ترجیح ہے، ماضی میں نیب کو سیاسی مقاصد کیلیےاستعمال کرنے کی کوشش کی گئی،لیفٹنیٹ جنرل (ر) نذیر احمد

11

لاہور۔12جون  (اے پی پی):چیئر مین نیب لیفٹنیٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہے کہ نیب کو اس کا کھویا مقام دلانا اولین ترجیح ہے، ماضی میں نیب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر  کو نیب لاہور میں چیک تقسیم کرنے کی  تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت  کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ دھوکہ دہی کا شکار افراد کو انکا حق لوٹا رہے ہیں،نیب لوگوں کو ان کی  امانتیں واپس دلوا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پلاٹ خریدنے سے پہلے متعلقہ علاقے کے دفاتر سے تحقیق کرنی چاہیے،جس سے کافی مسائل حل ہو جائیں گے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف لاہور آفس کی کارکردگی بے مثال ہے،  نیب کھربوں روپے کے  ریکوری کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں نیب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی گئی۔کمزوریوں کا ادراک کر کے اپنی اصلاح کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کے لیے نیب کے سفیر کا لفظ استعمال کرنا چاہتا ہوں،نیب کی پالیسی نیب کے سفیروں کی تجاویز پر رکھیں گے،معاملات میں تہذیب اور شگفتگی کو اپنانا ہوگا،مجرموں سے بھی تہذیب سے پیش آنا ہے۔ انہوں نے کہا سزا و جزا عدالت کا کام ہے،نیب کی بنیادی ذمہ داری قانون میں کمی کو پورا کرنا بھی ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ شہریوں کو کرپشن جیسے درپیش مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور امجد مجید اولک نے چیئر مین نیب کو نیب لاہور  بیورو آمد پر خوش آمدید کہا اور چیئر مین نیب کو میگا کرپشن مقدمات میں ڈی جی نیب لاہور کی سربراہی میں انویسٹی گیشن ٹیموں نے جامع بریفنگ دی۔ بعد ازاں تقریب میں چیئر مین نیب نے کرپشن کیسز کے متاثرین میں 4  ارب مالیت کے چیک تقسیم کئے۔ترجمان نیب لاہور کے مطابق نیب لاہورکی جانب سے  4 مختلف کیسز میں 16   ارب  60کروڑ  روپے کی پلی بارگین کی گئیں جن میں سے 4   ارب  روپے کی ادائیکی آج سے شروع کی جا رہی ہے جو اگلے 15 ایام میں مکمل کر لی  جائے گی۔انہوں نے کہا کہ  ایڈن ہائوسنگ سکینڈل  میں نیب لاہور نے مجموعی طور پر 16ارب کی پلی بارگین کی جن میں سے  3  ارب  منافع پر مشتمل ہے۔ اس کیس میں 11880 متاثرین میں 3  ارب  60کروڑ روپے پہلی قسط کے طور پر حوالے کرنے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہوم لینڈ رئیل اسٹیٹ اینڈ بلڈرزکیس میں ملزمان سے نیب لاہور نے 39کروڑ 60  لاکھ کی ریکوری کی جس میں سے آج 67 متاثرین کو29کروڑ روپے واپس لوٹائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ رحمن سٹی کیس  میں 112ملین مالیت کی 124  رجسٹریاں متاثرین کو دی جا رہی ہیں  جبکہ  3کروڑ 30   لاکھ  روپے لینڈ اونرز کے حوالے کیے جارہے ہیں۔  پنجاب ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کیس میں نیب لاہور نے ملزمان سے 4کروڑ 32 لاکھ روپے کی ریکوری کی تاہم نیب لاہورمکمل رقم وصول کرتے ہوئے80 لاکھ روپے مالیت کا آخری چیک چیف سیکرٹری پنجاب کے حوا لے کررہاہے۔