وزیر اعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت فٹ بال کے کھلاڑیوں کے ٹرائل 14اور 15 جون کو ہونگے،ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

11

سیالکوٹ۔7جون  (اے پی پی):وزیر اعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت فٹ بال کے کھلاڑیوں کے ٹرائل 14 اور 15 جون کو ہونگے، ” آؤ کر دکھائیں” کے عنوان سے اس پروگرام میں پندرہ سال سے 25 سال عمر کے نوجوان ٹرائلز میں حصہ لینے کے اہل ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نےوزیر اعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام  کے سلسلہ میں منعقد  اجلاس کے دوران کیا ۔اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر افتخار احمد ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز تنویر فضل، سی ای او ایجوکیشن حافظ معروف احمد، ڈائریکٹر سپورٹس گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی عطیہ الطاف بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے بتایا کہ بوائز کے ٹرائلز گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج ، گرلز کے ٹرائلز گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں ہوں گے ۔ٹرائلز میں حصہ لینے کے خواہشمند وزیر اعظم یوتھ پورٹل پر آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہیں نیز ٹرائلز میں واک ان شرکت کی بھی اجازت ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر افتخار گوندل کو ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لیے فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ٹرائلز کیلیے جامع پلان بنایا جائے اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے شیئر کریں نیز ٹرائلز کے منصفانہ انعقاد کے لیے ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کو بھی شامل کیا جائے ۔