ذیابیطس سنٹر اسلام آباد اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے آگاہی سیمینار و میڈیکل کیمپ کا اہتمام

9

سیالکوٹ۔7جون  (اے پی پی):ذیابیطس سنٹر اسلام آباد اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس  اینڈ انڈسٹری کے  تعاون سے سیالکوٹ چیمبر کےآڈیٹوریم شیخ محمد شفیع ہال میں ایک آگاہی سیمینار و میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ سیمینار میں   چیئرمین ذیابیطس  سینٹر   اسلام آباد ڈاکٹر اسجد حمید نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ سیمینار  کی صدارت  کے فرائض نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  عامر مجید شیخ نے ادا کیے۔سیمینار میں موجود شرکاء کوصدارتی و استقبالیہ خطبہ پیش کرتے ہوئے نائب صدر  عامر مجید شیخ نے کہا کہ دی ذیابیطس سینٹر (ٹی ڈی سی)اسلام آباد پاکستان کا پہلا   غیر منافع بخش اسٹیٹ آف دی آرٹ ہیلتھ   کیئرہسپتال ہے جو ذیابیطس اور اس سے متعلقہ تمام پیچیدہ بیماریوں کا  معیاری علاج فراہم کرتا ہے۔  انہوں نے کہا  کہ ہمارے ملک میں لا تعداد ایسے جدید ترین سہولیات سے آراستہ میڈیکل سہولیات فراہم کرنے والے ادارے موجود ہیں جو عوام کی خدمت  کواپنا فرض سمجھ کر خدمات سرانجام دے رہے ہیں، ذیابیطس سینٹراسلام آباد بھی انہی اداروں میں شامل ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ سینٹرکی طبی ماہرین  پر مبنی ٹیم بلا امتیاز رنگ و مذہب پورے پاکستان میں ہسپتالوں، کلینکس، آپریشن تھیٹرز، تشخیصی مراکز، ان ڈور اور آؤٹ ڈور  دیگر بیماریوں  بالخصوص ذیابیطس  اور اس کی پیچیدگیوں سے متعلق انسانی تکالیف کو کم کرنے اور  جو لوگ اس بیماری کے بوجھ کو برداشت کرنے کے قابل نہیں ہیں ان  کی مدد کر رہا ہے۔چیئرمین ذیابیطس  سینٹر   اسلام آباد ڈاکٹر اسجد حمید نے  بھی خطاب کیا اور دی ذیابیطس سینٹر اسلام آباد سمیت اپنے لاہور ذیابیطس سینٹر، سکھر ذیابیطس سینٹر اور ساہیوال ذیابیطس سینٹر  میں عام عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کاا دارہ مستقبل میں سیالکوٹ کے اندر بھی اپنا ایک ذیابیطس سینٹر قائم کرنے کا خواہاں ہے جس کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے اور بہت جلد شہر اقبال  میں ذیابیطس سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور  وہ لوگ جو ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں انہیں ہم  ذیابیطس اور اس سے متعلقہ تمام پیچیدہ بیماریوں کا  معیاری علاج فراہم  کریں گے۔