وزیر مملکت  امور خارجہ حنا ربانی کھر کی  برسلز میں  یورپی پارلیمنٹ کے اراکین سے ملاقات،دو طرفہ تجارت، پارلیمانی تعلقات پر تعمیری تبادلہ خیال

8

برسلز،15جون (اے پی پی): وزیر مملکت  امور خارجہ حنا ربانی کھر  نے برسلز میں  یورپی پارلیمنٹ کے اراکین سے ملاقات کی ہے ۔ اراکین میں   چیئر آف ڈیلی گیشن نکولا پروکاسینی، تجارتی مانیٹرنگ گروپ برائے جنوبی ایشیا کے نمائندے ڈاکٹر میکسیملین کراہ کے ، یورپی پارلیمنٹ کی نائب صدر ہیڈی ہوٹالا اور نئے جی ایس پی پلس کے نمائندے شامل تھے۔

 ملاقاتوں میں تازہ ترین علاقائی اور دو طرفہ تجارت، پارلیمانی تعلقات پر تعمیری تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان،یورپی یونین کے پارلیمانی تعاون کو بڑھانے، فائدہ مند تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق  کیا  ہے۔

جی ایس پی پلس سکیم سے پاکستان کی برآمدات کو ترقی اور تجارت کے لیے پاک یورپی یونین کے تعاون کو جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بین الاقوامی تجارتی کمیٹی کے سربراہ برنڈ لینج  کے  ساتھ   نئی جی ایس پی پلس سکیم اور اس پر پاکستان کے موقف پر تبادلہ خیال کیا۔

انسانی حقوق کی ذیلی کمیٹی کے وائس چیئر برنارڈ گوئٹا  سے ملاقات میں  کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، یوکرین  کی پیش رفت پر  تبادلہ خیال کیا۔ کمیٹی برائے خارجہ امور کے سربراہ ڈیوڈ میکلسٹر کے ساتھ ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی سمیت عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے متحد  ہونے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

 وزیر مملکت  نے مختلف کمیٹیوں سے تعلق رکھنے والے اراکین یورپی پارلیمنٹ کے ساتھ ورکنگ لنچ میں   شرکت  کی۔فریقین نے پارلیمانی تبادلوں کے ذریعے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے  اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور سیکیورٹی پالیسی اور یورپی کمیشن کے نائب صدر جوزپ بوریل سے بھی  ملاقات کی۔