پاکپتن؛ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئیے ریسکیو1122اور دیگرمتعلقہ ادارے کیجانب سے   فرضی مشقوں  کا مظاہرہ

29

پاکپتن، 15 جون (اے پی پی ):پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح پاکپتن میں بھی ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئیے ریسکیو1122اور دیگرمتعلقہ ادارے ہمہ وقت تیار ہیں۔اس مقصد کے لئیے پاکپتن میں اپر کینال جمال چوک پر فرضی مشقوں  کا مظاہرہ کیاگیا۔

 فرضی مشقوں میں ریسکیو 1122 کے علاوہ پروانشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) کے مشاہدہ کار،سوشل ویلفیئر،سول ڈیفنس،  پولیس،محکمہ لائیو سٹاک، محکمہ صحت،محکمہ زراعت،لوکل گورنمنٹ و دیگر محکموں کے علاوہ ریسکیو آفیسرز،میڈیا نمائندگان اور ریسکیو سکاؤٹس کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔

اس موقع پرڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو 1122ڈاکٹر احمد رضانے ریسکیو1122کی طرف سے تیاریوں اور منعقدہ اسٹالز کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریسکیو1122کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

 اس موقع پر ریسکیو 1122 پاکپتن نے ڈوبتے لوگوں کو بچانے، سیلابی صورتحال میں پھنسے لوگوں کو شفٹ کرنے اور پانی میں ڈوبے افراد کو نکالنے اور اسپیشل ریسکیو وہیکل کے تمام فنکشنز کا عملی مظاہر ہ بھی کیا۔ موک ایکسر سائز میں ریسکیو 1122کے کمیونٹی سیفٹی پروگرام کے تحت تربیت پانے والے ریسکیو محافظوں کے علاوہ ریسکیورز، دیگر اداروں کے ملازمین اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔

فرضی مشقوں  کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر پاکپتن امتیاز احمد کھچی نے ریسکیو 1122 کی کاوشوں کو سراہا اور ریسکیو اہلکاروں کو انکی کارگردگی پر شاباش دی۔