پاک بحریہ سمندری طوفان بائپر  جوئے کے پیش نظر ہائی الرٹ ، امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں

22

اسلام آباد ، 15 جون (اے پی پی ): پاک بحریہ  سمندری طوفان  بائپر  جوئے کے پیش نظر ہائی الرٹ ،پا ک بحریہ کے دستوں  نے  شاہ بندر سے متصل گوٹھوں سے لگ بھگ ایک ہزار افراد کی محفوظ مقام پر نکل مکانی میں مدد کی۔

پاک بحریہ کے جہاز کھلے سمندر میں گشت کے دوران سمندروں میں پھنسی کشتیوں کو مدد فراہم کرنے میں سرگرم ہیں، 64ماہی گیروں کو سمندر سے ریسکیو کرلیا گیا ہے جبکہ بروقت امدادی کارروائیوں کی نگرانی کے لیے ہیڈ کوارٹر کمانڈر کراچی میں سائیکلون مانیٹرنگ سیل  بھی  قائم  کر دیا گیا ہے۔

  پاک بحریہ کی ایمرجنسی رسپانس اور طبی ٹیمیں بلوچستان کے ساحلی اور سندھ کے دیہی علاقوں میں ناگہانی صورت حال سے نمٹنے  کے لیے تعینات کر دیے گئے ہیں اور ماہی گیروں کو  کھلے سمندر میں نہ جانے کے لیے متنبہ کیا جا رہا ہے۔

کراچی میں پاک بحریہ کے ہسپتال  ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ ہیں  اور پاک بحریہ  سندھ کے ساحلی علاقوں میں ہنگامی صورتحال  میں بر وقت مدد فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل کے ساتھ ہمہ وقت تیار ہے۔