پشاور: نگران معاون خصوصی سلمیٰ بیگم کی زیر صدارت للسائل ولمحروم فاؤنڈیشن کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس

1

 پشاور،07 جون(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی معاون خصوصی برائے زکوٰۃ وعشر،سماجی بہبود، خصوصی تعلیم اور ترقی خواتین سلمیٰ بیگم کی زیر صدارت خیبر پختونخوا للسائل ولمحروم فاؤنڈیشن کی کارکردگی کے حوالے سے ایک اجلاس سول سیکریٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر، ایڈمنسٹریٹو آفیسر اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

فاونڈیشن ڈائریکٹر نے نگران معاون خصوصی کو فاونڈیشن کی صوبے میں اب تک ہونے والی سرگرمیوں اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ  فاؤنڈیشن کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی انھیں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ فاؤنڈیشن صوبے میں یتیموں، بیواؤں، معذوروں، نادار اور بے گھر لوگوں کی فلاح وبہبود کیلیے کام کررہی ہے صحت، تعلیم اور سوشل ویلفیئر تینوں شعبوں میں فاؤنڈیشن کی سرگرمیاں جاری ہیں۔

 فاونڈیشن ایک طریقہ کار کے ذریعے صوبے کے مخصوص ہسپتالوں میں مریض کیلیے 20 ہزار روپے ایک سال تک مہیا کرتی ہے یتیم اور مستحق ٹاپر سٹوڈنٹس کو تعلیم کی مد میں ایک طریقہ کار کے ذریعے وظیفہ دیاگیاہے۔

 اس کے علاوہ فاؤنڈیشن صوبے کے مختلف اضلاع میں فری میڈیکل کیمپس بھی منعقد کرتی ہے اور اب تک ہزاروں غریب اور نادار مریضوں کا مفت علاج کرچکی ہے۔

اجلاس میں فاؤنڈیشن کے جنرل اور انڈوومنٹ فنڈ پر بھی تفصیل سے گفتگو ہوئی جبکہ فاؤنڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر کی پوسٹ سمیت فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز، رولز ریگولیشن اور ملازمین کے  سروس سٹرکچر کے مسائل سے بھی نگران معاون خصوصی کو آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ سننے کے بعد نگران معاون خصوصی سلمیٰ بیگم نے  فاؤنڈیشن کی کارکردگی کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ فاؤنڈیشن کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھرپور کوشش کرونگی۔

 انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی مدد کرنا اعلی خدمت ہے معاشرے کے معاشی طورپر کمزور، نادار، یتیموں، بیواؤں اور مستحقین کی فلاح وبہبود کیلیے اقدامات اٹھائے جائیں جن میں مزید بہتری لائی جائیگی۔