پنجاب کی تاریخی عمارتوں کے ثقافتی ورثے کو اصل حالت میں بحال کریں گے ؛ نگران وزیراعلیٰ

7

لاہور، 15جون(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پنجاب کی تاریخی عمارتوں کے ثقافتی ورثے کو اصل حالت میں بحال کریں گے۔

جمعرات کو یہاں وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخی و قدیم ثقافتی عمارتوں کا انتظام والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے سپرد کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  نگران وزیراعلیٰ نے لاہور، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں تاریخی عمارتو ں کے اردگرد تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم دیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تاریخی عمارتوں کے راستوں کی صفائی اور ثقافتی سجاوٹ کی جائے گی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کو تاریخی عمارتوں کی اصل حالت میں بحالی کا ٹاسک دیا ہے۔

ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے تاریخی عمارتوں اور حویلیوں کی بحالی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

 اجلاس میں تاریخی عمارتوں خصوصاً شیرانوالہ باغ میں سمادھی، گجرات کے رام پیاری محل، گوجرانوالہ کی حویلی کی بحالی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔

 صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔چیف سیکرٹری، کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنرز گجرات وگوجرانوالہ اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔