ڈپٹی کمشنر ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ، ٹیم ایونٹ  یونیورسٹی آف سیالکوٹ نے جیت لیا

9

سیالکوٹ،2جون  (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ٹیبل ٹینس اوپن چیمپئن شپ  سنگلز کا فائنل گورنمنٹ تبلیغ الاسلام ہائی سکول چونڈہ اور ٹیم ایونٹ  یونیورسٹی آف سیالکوٹ نے جیت لیا۔  ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے کھلاڑیوں میں 1لاکھ 50ہزار روپے کے کیش انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر افتخار گوندل کو ہدایت کی کہ جن سرکاری سکولوں میں ٹیبل ٹینس کے باصلاحیت پلیئرز موجود ہیں ان سکولوں میں ٹینس ٹیبلز فراہم کریں تاکہ ان کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ میں نکھار آئے اور وہ ملکی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرسکیں۔ انہوں نے سپورٹس کمپلیکس پسرور روڈ کی بحالی اور قسم فلور کی مرمت اور پالشنگ کے کام کو جلد مکمل کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ والی بال، بیڈمنٹن ، ٹیبل ٹینس سمیت ان ڈور گیمز کے انعقاد کیلئے سپورٹس کمپلیکس کو اپ ٹو ڈیٹ رکھا جائے اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے ڈی سی ٹیبل ٹینس اوپن چیمپئن شپ میں میچ ریفری سمیت دیگر آفیشل کو میچ فیس کی مد میں 1 لاکھ 20ہزاد روپے دیتے ہوئے کہا کہ ٹیبل ٹینس کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو کھیل کی جدید ٹیکنیک اور فٹنس کے بارے میں رہنمائی فراہم کرنے کیلئے ایسوسی ایشن اپنا کردار ادا کرے۔

اس موقع پر ایم او فنانس رانا ثقلین، ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر ملک ارشد، جنرل سیکرٹری عابد محمودبھی موجود تھے۔