نارووال: تمام محکمے انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں مزیدتیزی لائیں، ڈپٹی کمشنر

3

نارووال،02 جون (اے پی پی):  ڈپٹی کمشنرچوہدری محمداشرف نےکہا ہےکہ حالیہ بارشوں کے بعدڈینگی کی روک تھام اور تدارک کے لئے محکمہ صحت سمیت تمام محکمے انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں مزیدتیزی لائیں، متعلقہ  محکموں کی کاوشوں اور ہم آہنگی سے ہی انسداد ڈینگی اقدامات کو نتیجہ خیز بنایا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنرنارووال نے اس موقع پر خبردار کیا کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں غفلت،لاپرواہی اور تساہل کا مظاہرہ کرنے والے محکموں کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔

ڈپٹی کمشنرنےاجلاس میں ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ ضلع بھر میں انسداد ڈینگی ٹیمیں اپنی کارکردگی کو نمایاں اور موثر بنائیں کیونکہ حکومت پنجاب نے  ڈینگی کےخاتمے کا تہیہ کررکھا ہے اور انسداد ڈینگی کے لیے کاوشوں کو بارآور کرنالازمی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ویکٹرسرویلینس اور ضلع بھرمیں انسداد ڈینگی کی ان ڈور اورآوٹ ڈور ٹیموں سمیت اینڈرائیڈ یوزرز سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں اور تمام ہاٹ سپاٹس کی ویکٹر سرویلینس کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نےکہا کہ ڈینگی کے خاتمے کو قومی ذمہ داری سمجھیں اور اس کی روک تھام کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔

 اجلاس میں سی ای اوہیلتھ ڈاکٹرنویدحیدراورفوکل پرسن ڈاکٹرمحمدطارق کی طرف سے ضلع بھرمیں سرانجام دی جانے والی ڈینگی سرویلینس سے متعلق تمام محکموں کی کارکردگی کابھی تفصیلی جائزہ لیاگیا۔