ڈیرہ غازی خان،17جون(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے ڈیرہ غازی خان رجسٹری برانچ کا اچانک دورہ کرکے زیرالتوا رجسٹریوں کے حوالے سے متعلقہ سٹاف سے پوچھ گچھ کی۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ مینوئل اور ای رجسٹریوں کو زیرالتوا رکھنے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور زیرالتوا رجسٹریوں کے مالکان سےازخود رابطہ کرکے ان کے حوالے کریں۔انہوں نے کہا کہ ہفتہ وار رجسٹریوں کے الگ الگ فولڈر بھی بنائے جائیں اور رجسٹری برانچ میں کرپشن کو ہرگز برداشت نہیں کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ریونیو دینے والوں کو سہولیات بھی دی جائیں، رجسٹری آفس میں سہولیات بارے ڈیمانڈ پرپوزل کی باقاعدہ پیروی کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نےرجسٹری برانچ میں لگے ویڈیو کیمروں کی تعداد بڑھانے اور انہیں فنکشنل کرنے کی ہدایت بھی دی۔انہوں نے برانچ کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ٹرانسفر آف پراپرٹی کے ضلعی آفس میں تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی،پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے ای رجسٹریشن کے ذریعے شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کررہے ہیں جس سے شہریوں کو رجسٹری برانچ میں اگلے دس دنوں میں بہتری نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران رجسٹری برانچز کے معاملات کی خود مانیٹرنگ کرینگے۔