ڈیرہ غازی خان،03 جون (اے پی پی ):ڈیرہ غازی خان کے علاقے گدائی میں سمگل شدہ ایرانی پٹرول کو آگ لگ گئی۔یہ پٹرول گھر کے اندر پلاسٹک کی کینز میں چھایا گیا تھا،خوشی قسمتی سے کوئی جان نقصان نہیں ہوا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق کنٹرول روم کو ایک ایمرجنسی کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ گدائی چونگی کے نزدیک گھر میں آگ لگ گئی ہے۔ کنٹرول روم نے فوراً ایک موٹر بائیک ایمبولینس، دو فائر وہیکلز اور ایک ایمبولینس کو جائے حادثہ کی طرف روانہ کروا دیا۔ سٹاف نے موقع پر پہنچ کر دیکھا تو گھر میں آگ لگی ہوئی تھی گھر میں کاٹھ کباڑاورکچھ مقدار میں پیٹرول بھی موجودتھا جس میں آگ لگی ہوئی تھی۔دو گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔اس میں ایک شہری زخمی بھی ہوا جسے موقع پر طبعی امداد فراہم کر دی گئی۔
واضح رہے ڈیرہ غازی خان میں سمگل شدہ ایرانی پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی کا دھندہ عروج پر ہے اور ضلعی انتظامیہ اس کی روک تھام میں نا کام ہو چکی ہے۔