ڈیرہ غازی خان ،09 جون (اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر ) سجاد حسن خان نے پولیس کے غازیوں کو ان کی بہادری ، جرات اور فرائض کی بہترین ادائیگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ڈیرہ غازی خان ریجن کے پولیس غازیوں سےخصوصی ملاقات میں کیا۔ آر پی او نے کہا کہ بہادری کی لازوال دستانیں رقم کرنے والے افسران و جوان ڈیرہ غازی خان ریجن پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں جن کی ویلفئیر کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے گا۔
آر پی او نے کہا کہ آپ سب ہمارے محکمہ کی شان اور روشن مثال ہیں، فرض کی راہ میں بہادری کی مثال قائم کرنے والے افسران و جوانوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ جان پر کھیل کر فرض نبھانے والے غازی معاشرہ اور محکمہ کے محسن ہیں۔
اس موقع پر غازیوں نے ان کی ویلفیئر کا خاص خیال رکھنے اور موقع پر ان کی حوصلہ افزائی کرنے پر انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن( ر) سجاد حسن خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق پولیس غازیوں میں دہشتگردوں اور خطرناک جرائم پیشہ عناصر سے مقابلوں کے دوران زخمی ہونے والے افسران و جوان شامل تھے۔