ڈی جی خان ڈویژن میں کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے عملی اقدامات شروع کردئیے گئے

10

ڈیرہ غازی خان۔12 جون (اے پی پی):ڈی جی خان ڈویژن میں کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے عملی اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں، کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے زرعی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں۔اس حوالے سے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان،محمد سلمان لودھی،ڈاکٹر منصور اور خالد پر ویز موجود تھے۔ڈائریکٹر زراعت مہر عابد حسین نے بریفنگ دی۔زراعت کے مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ کپاس کی کاشت کا ہدف حاصل کرلیاہے. اب فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے ملکر کام کرنا ہے۔کپاس ملک کی معیشت اور استحکام کیلئے ضروری ہے۔کپاس کی ہر مرحلے پر کاشتکاروں کو رہنمائی دینی ہوگی۔معیاری کھاد اور بیج کو فوکس کیا جائیگا۔زرعی سائنسدان بھی کھیتوں میں جائیں۔کپاس کے کاشتکاروں کی کھیتوں میں رہنمائی کی جائے۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں تحصیل سطح پر کسان سہولت سنٹرز قائم کردئیے ہیں ہر سہولت سنٹر پر معیاری کھاد،بیج سمیت دیگر سہولیات میسر ہیں۔کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ جعلی اور غیر معیاری زرعی لوازمات پر مقدمات، گرفتاریوں سمیت دیگر قانونی کارروائی کریں گے۔زرعی ماہرین نے کہا کہ کھاد،زرعی ادویات اور پانی کی زیادتی فصل کو نقصان پہنچاتی ہے۔فصل کی صورتحال کو دیکھ کر کھاد اورزرعی ادویات کا بروقت استعمال کیا جائے۔