کپاس کی کاشت میں جنوبی پنجاب سے سے آگے،43لاکھ45 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت مکمل کر لی گئی

20

ملتان،13جون(اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی صوبہ میں کپاس کی کاشت کی بحالی کے لئے کاوشیں رنگ لے آئیں، پنجاب میں50 لاکھ ایکڑ پر  کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا تھا جس میں سے 96 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔کپاس کی کاشت کے حوالے سے جنوبی پنجاب کا خطہ سب سے آگے ہے اور 43لاکھ45 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت مکمل کر لی گئی ہے۔اس طرح گزشتہ برس کے مقابلے میں 10 لاکھ  ایکڑ زیادہ رقبہ پر کپاس کاشت کی گئی ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر کی زیر صدارت کپاس کی فصل بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں جنوبی پنجاب کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان کے کمشنرز اور محکمہ زراعت کے حکام ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے اجلاس کو کپاس کی پیداوار بارے بریفنگ دی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفرنے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کو کاٹن کراپ منیجمنٹ کا ٹاسک سونپا اور انہیں کپاس کی فصل کی مانیٹرنگ کے لئے اضلاع الاٹ کردئے ہیں۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن ثاقب ظفر نے کہا کہ کاٹن کیش کراپ اور پاکستان کی معیشت کی ضامن ہے جس سے ملک کی صنعتوں کا پہیہ چلتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کپاس کے مطلوبہ ہدف کے حصول سے3 ارب ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز متعلقہ اضلاع کے دورے کے دوران کاٹن کراپ بارے ہفتہ وار رپورٹ بھیجنے کے پابند ہونگے۔

سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کپاس کے ہر کھیت تک پہنچنے کے لئے زرعی گریجوایٹس کی بطور انٹرنیز خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں کاشتکاروں کے لئے 49 کسان سہولت سنٹر قائم کئے گئے ہیں۔

سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے اجلاس کو کپاس کی بیماریوں اور انکے تدارک بارے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔