راجن پور،25 جون (اے پی پی ):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں راجن ہور کی تحصیل روجھان مزاری کے کچہ کے علاقہ میں بدنام زمانہ اشتہاری مجرمان پر مشتمل گینگز کیخلاف آپریشن گزشتہ 78 روز سے بلا تعطل جاری ہے ۔ ڈی پی او راجنپور کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد کی زیر کمانڈ تازہ دم پولیس دستوں نے موضع چک کھیوالی کا گھیراؤ کیا ہو اہے ۔
ڈی پی او راجنپور کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد کے مطابق موضع چک کھیوالی میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے، کچہ چک کھیوالی میں ڈاکوؤں اور دہشت گردوں کے ٹھکانے اہم ٹارگٹز میں شامل ہیں، کچے میں چھپے ہوئے دہشت گردوں اور ڈاکووں کا مکمل قلع قمع کرکے حکومت کی رٹ قائم کریں گے۔
آر پی او ڈی جی خان کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان کاکہناہے کہ کچہ میں پولیس کی پوری قوت سے موجودگی سے مقامی آبادی میں خوف کے بادل چھٹ گئے ہیں، آئی جی پنجاب کے احکامات کے مطابق کچہ کو ملک کے دوسرے حصوں کی طرح پر امن بنائیں گے۔ ان کا مزید کہناتھاکہ قیام امن کیلئے جاری آپریشن نتیجہ خیز ثابت ہورہاہے، پولیس کے چاق و چوبند دستے چویبس گھنٹے آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔