گلگت ،15جون (اے پی پی):گلگت بلتستان سکاؤٹس نے جشن بہاراں پولو ٹورنامنٹ جیت لیا ۔جمعرات کو شاہی پولو گراؤنڈ گلگت میں ہزاروں شائقین کی موجودگی میں گلگت بلتستان سکاؤٹس کی ٹیم نے مخالف ٹیم کے خلاف سات گول کر کے فائنل میچ میں کامیابی حاصل کی ۔پاکستان آرمی کی ٹیم صرف دو ہی گول داغنے میں کامیاب رہی۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید میچ کے مہمان خصوصی تھےجنہوں نے ونر اور رنر ٹیموں میں ٹرافیاں اور دیگر انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ 15کروڑ روپے کی خطیر سے رقم سے آغا خان شاہی پولو گراؤنڈ کی تزئین اور آرائش کی جائے گی اور سہولیات فراہم کی جائیں گی، ہر شہر میں پولو کی ٹیمیں بنائی جائیں گی اور کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دیا جائے گا، صوبائی سطح پر پولو کی ٹیم بنائی جائے گی جو نیشنل سطح پر گلگت بلتستان کی نمائندگی کرے گی۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے جشن بہاراں پولو ٹورنامنٹ کے فائنل جیتنے والی ٹیم کیلئے 5 لاکھ،رنر اپ ٹیم کیلئے 3 لاکھ اور جیوری اور انتظامیہ کیلئے 2 لاکھ روپے کا اعلان کیا۔