گوجرانوالہ،24 جون(اے پی پی ): ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، ہلال احمر، محکمہ صحت، لائیو سٹاک سمیت دیگر اداروں کی طرف سے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مشترکہ فرضی مشقوں کا انعقادکیا گیا۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، آر پی او گوجرانوالہ ریجن ڈاکٹر حیدر اشرف تقریب کے مہمانِ تھے ۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض احمد موہل، ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک، اےڈی سی (آر) ڈاکٹر مجتبٰی عرفات، اے ڈی سی آر گجرات، ڈی او ایمرجنسی گوجرانوالہ میاں رفعت ضیاء، ڈی او ایمرجنسی عمر گھمن اور دیگر محکموں کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
کمشنر، آر پی او، ڈپٹی کمشنرز نے تمام نمائشی سٹالز پر لگے آلات کا معائنہ کیا اور ریسکیو حکام کی اس کاوش کو سراہا۔ریسکیو 1122 اور دیگر محکموں نے مختلف قسم کے سٹالز لگا رکھے تھے، ڈویژنل و ضلعی سربراہان نے سٹالز اور فرضی مشقوں کا معائنہ کیا۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے فرضی مشقوں کے طور پر بوٹینگ کے ذریعے غوتہ خوری کا مظاہرہ کر کے شہریوں کو ڈوبنے سے بچایا۔ ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر افسران نے کمشنر، آر پی او و دیگر کو اس بارے بریفینگ دی۔کمشنر نے تمام اداروں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، ضلع کونسل، میونسپل کمیٹیز کی تیاریوں کو سراہا۔
اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے چوکس ہیں۔ تمام ضروری آلات، کشتیاں اور نکاسی آب کی مشینری کو مکمل طورپر آپریشنل رکھیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کی صورت میں شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی، املاک کا تحفظ اولین ترجیح ہوگی۔
آر پی او ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ پولیس ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے میں متعلقہ اداروں کی بھرپور معاونت کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہو گی۔ ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا کہ سیلانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مربوط کوارڈینیشن اور بروقت اقدامات سے قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے تمام محکموں سے مربوط کوارڈینیشن کی ہدایت کی۔