گوجرانوالہ،27جون(اے پی پی): حکومت پنجاب اور سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ کی ہدایت اور ٹیوٹا کی زیرنگرانی گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ براۓ خواتین ڈسکہ کے زیر اہتمام سکلز بوٹ کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے،جس میں میٹرک،مڈل سے فارغ ہونے والی طالبات نے حصہ لیا۔طالبات میں مہندی لگانا،غبارہ پھلانا،میوزیکل چئیرز اور بہت سی دلچسپ کھیلوں کا مقابلہ کروایا گیا تاکہ ان میں سبقت لے جانے کا رحجان بڑھے۔
پروگرام کے موقع پر ادارہ کی پرنسپل مسز روبینہ کوثر نے بتایا کہ ان کورسز سے خواتین میں باعزت روزگار کا رحجان بڑھے گا اور وہ مردوں کے شانہ بشانہ ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتی رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ایسے اسکلز پروگرامز کا انعقاد کرنا ایک احسن عمل ہے، اس سے طالبات کو ہنر مند بنانے کے ساتھ ساتھ ان کا ذاتی تشخص بھی بلند ہو گا۔
اس موقع پر طالبات نے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مہارت والے پروگرامز کے انعقاد سے ٹیلنٹ ابھرتا ہے،طالبات نے ادارہ کی پرنسپل کی طرف سے دیئے گئے ماحول کو سراہا اور کورسز کے انعقاد سے خوش اور مطمئن ہونے کا اظہار بھی کیا ہے۔
پروگرام کے اختتام پر پرنسپل مسز روبینہ کوثر نے کھیلوں میں حصہ لینے والی طالبات کو تعریفی سرٹیفیکیٹ سے نوازا۔