لاہور،22 جون ( اے پی پی ): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین گلبرگ لاہور میں برداشت اور ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے سیمینار میں شرکت کی۔سیمینار میں ڈی پی ائی کالجز پنجاب ڈاکٹر سید انصر اظہر ، ڈائریکٹر کالجز لاہور ڈویژن ڈاکٹر زاہد میاں ، پرنسپل کالج ڈاکٹر نگہت ناہید، سابقہ ایم ہی اے محترمہ سلمی بٹ ،مزمل محمود سمیت طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جو عدم برداشت اور منافرت سے پاک ہو ،اس کے لیے ہمیں اسلام کے بتائے ہوئے رہنما اصولوں سے مدد لینے کی ضرورت ہےدوسروں کے نقطہ نظر سمجھنے کی کوشش کریں۔ برداشت اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اساتذہ اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ معاشرے میں نفرتیں اور مایوسی پیدا کرتے ہیں ان کی حوصلہ شکنی کریں۔معاشرے میں مثبت رویوں کو فروغ دیں۔ ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر انصر اظہر نے اس موقع پر کہا کہ معاشرے میں برداشت اور رواداری کے فروغ کے لیے سیمینارز کا سلسلہ پنجاب بھر میں جاری ہے۔ امید ہے کہ اس کے مثبت اثرات برآمد ہوں گے۔