یونان کشتی حادثہ میں گجرات کے 25 نئے نوجوانوں کے لاپتہ ہونے کا انکشاف ، تعداد 80 ہو گئی

57

گوجرانوالہ، 25جون (اے پی پی): یونان کشتی حادثہ میں گجرات کے مزید25 نئے نوجوانوں کے لاپتہ ہونے کا انکشاف یوا ہے جبکہ ضلع گجرات کے لاپتہ نوجوانوں کی تعداد 80 کے لگ بھگ ہو گئی ہے۔

نئے سامنے آنے والوں میں چار تھانہ ککرالی تین تھانہ جلالپور جٹاں کے علاقے کے رہائشی ہیں، تھانہ ککرالی کے نوجوانوں میں عبدالواحد کوٹلہ ،طاہر زمان روپیری، علی رضا چک چیدیاں، ملک رمیض چکوڑہ سے،علی حسنین اور سبحان گاؤں بھاگووال خورد سے، شاہد حسین جلالپور جٹاں سے شامل ہیں۔ تھانہ منگووال کے علاقے کے مزید پانچ  نوجوان لاپتہ ہیں، جن میں سید محمد امین اور سید جعفر گاؤں کیرانوالہ سے، ثقلین امجد ،عبدالرحمان اور تیمور شہزاد گاؤں لنگے سے، تھانہ صدر لالہ موسی کے گاؤں بدھو کالس کے بھی تین نوجوان لاپتہ ہیں۔بدھو کالس کے لاپتہ نوجوانوں میں حافظ فیاض، سید علی حمزہ اور سید علی زین شامل ہیں۔تھانہ صدر گجرات کے گاؤں سوک کلاں کے بھی چار نوجوان لاپتہ ہیں، لاپتہ ہونیوالوں میں سمید اصف، فیضان،عمر جاوید سوک کلاں جبکہ شاہ زیب پنڈی حسنہ کا رہائشی ہے۔

گجرات شہر کا فیضان عابد بغداد کالونی کے رہائشی ہیں، تھانہ دولتنگر کے گاؤں سیدا کا محمد سفیان، تھانہ کنجاہ کا محمد اکرم بھی لاپتہ ہیں، تھانہ رحمانیہ کے گاؤں ٹبہ بوٹے شاہ کا رہائشی یوسف تقی شاہ بھی یونان کشتی حادثہ کے بعد لاپتہ ہیں۔

ایف آئی اے سرکل گجرات نے کشتی حادثہ میں مجموعی طور پر 167 افراد کے ڈی این اے نمونہ جات حاصل کر لیے ہیں، ضلع گجرات کے اب تک 99 افراد کے سیمپل لیے جاچکے ہیں جبکہ مزید کاروائیاں جاری ہیں۔