اوکاڑہ،10جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنرڈاکٹرمحمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ انسانی صحت سے جڑے معاملات انتہائی توجہ طلب اور احتیاط کے متقاضی ہیں ،ہمیں بحیثیت ٹیم انسداد ڈینگی کے خاتمہ کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھنا ہیں تاکہ اس کے اثرات کو کم سے کم سطح پر رکھا جا سکے، انسداد ڈینگی سے متعلق لوگوں کی آگاہی کے لئے بھر پور اقدامات کئے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ویکٹر سر ویلینس کے ساتھ ساتھ موسم کی صورت حال کے پیش نظر ان ڈور اقدامات پر توجہ دی جائے اور لوگوں کی آگاہی کے لئے بھر پور اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے محکمہ صحت کی ٹیموں کی کارکردگی تسلی بخش ہے تاہم دیگر سرکاری محکمے بھی اپنے اپنے دائرہ اختیار میں انسداد ڈینگی کے لئے اقدامات کریں اور محکمہ صحت کی ٹیموں کی معاونت کریں ۔
اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرسیف اللہ وڑائچ،ڈسٹرکٹ اینٹامالوجسٹ حافظ محمد عبد اللہ ،سی ڈی سی آفیسر چوہدری اصغرعلی نے ضلع میں انسداد ڈینگی اقدامات، ویکٹرسر ویلینس، محکمہ صحت کی ان ڈوراورآوَٹ ڈور ٹیموں کی کار کردگی، دیگر سرکاری محکموں کی ٹیموں کے ویکٹر سر ویلینس کے لئے کئے گئے کام سمیت ہسپتالوں میں انسداد ڈینگی ایس او پیز پر عملد رآمد، ڈینگی کی تشخیص کی سہولیات، علاج کے لئے ادویات کی دستیابی سمیت تھرڈ پارٹی ویلی ڈیشن سے متعلق بریفنگ دی۔











