پشین ،10 جولائی ( اے پی پی ): انجمن تاجران پشین کے زیر اہتمام سوئیڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی ،ریلی کے شرکاء نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، شرکاء نے سوئیڈن کی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔
ریلی کے شرکاء سے انجمن تاجران کے صدر ملک بہادر خان ترین اکرام خان کاکڑ سید عبدالباری غرشین و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید مسلمانوں کی مقدس ترین کتاب ہے، قرآن مجید کی بے حرمتی مسلمان کھبی بھی برداشت نہیں کرینگے ۔سوئیڈن میں قرآن مجید کے بے حرمتی کے واقعے سے دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے ،مسلمان ممالک کے حکمران سوئیڈن سے سفیروں کو بلاکر سوئیڈن کا بائیکاٹ کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر سوئیڈن کی حکومت سے سخت احتجاج کیا جائے اور سوئیڈن کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔
مقررین نے کہا کہ اسلام کے ٹھیکیداروں کی سوئیڈن میں قرآن مجید کے بے حرمتی پر خاموشی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ،ملک میں نام نہاد مذہبی پارٹیوں نے ہمیشہ اسلام اور قرآن مجید کا نام استعمال کرکے سیاسی فائدے حاصل کئے اور اقتدار و کرسی تک پہنچ گئے۔











