اوکاڑہ،14جولائی(اے پی پی): اوکاڑہ یونیورسٹی میں شعبہ نباتیات نے تحقیق اکیڈمی اور صنعت میں نباتیات کے دائرہ کار پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا ۔
سیمینار میں ڈائریکٹر پوٹیٹو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ساہیوال سید اعجاز الحسن نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے اپنے شعبے سے متعلق تحقیقاتی مکالمے پیش کئے اور متعددزرعی تحقیقی حلقہ جات میں ماہر نباتات کے کردار پر روشنی ڈالی۔
ڈائریکٹر زراعت(توسیع) ساہیوال شہباز اختر نے خطاب کرتے ہوئے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی ڈگریاں مکمل کرنے کے بعد اپنے تجربے سے زراعت کے شعبہ میں اپنی خدمات کو وقف کریں جس سے ملک میں زرعی انقلاب اور خوشحالی آئے گی ۔
سی ای او عرفان فارماڈاکٹر افتخارامجد نے اپنے خطاب میں طلباءکو اپنی کامیاب زندگی کے بارے میں اپنے تجربات سے آگاہ کیا اور کہا کہ نباتیات پر تحقیق کریں اور انسانیت کی خدمت کا جذبہ لے کر اپنی عملی زندگی کا آغاز کریں، قوم کو آپ کی ضرورت ہے۔
معروف صحافی اورسوشل ورکرحافظ مسعود احمد نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے، طلباءکو زراعت میں اپنی مہارت دکھانے کاوقت آچکا ہے ،اس وقت حکومت پاکستان،چیف آف آرمی سٹاف بھی ملکی زراعت میں اپنی دلچسپی کا اظہار کرنے کے علاوہ ملک بھر کی غیرآباد بنجر زمینوں کو آباد کرنے کا عزم کرچکے ہیں جس سے ملک میں خوشحالی آئے گی ،ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا اوربےروزگاری کا خاتمہ ہوگا۔
سیمینار سے صادق امین ،محمد نعیم اقبال اور ڈاکٹر ندا نے بھی خطا ب کیا۔سیمینار میں انسپکٹر پنجاب انوائرمنٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نعیم اقبال، طلبہ وطالبات ودیگر نے شرکت کی۔











