پاکپتن،14 جولائی(اے پی پی ): برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رحمت اللہ علیہ کے 781 ویں سالانہ عرس کی پندرہ روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔
محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے درگاہ بابا فرید پر زائرین کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔عرس میں شرکت کے لئے زائرین کی آمد کا سلسلہ شروع ہے۔عقیدت مندوں کی جانب سے مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جارہی ہیں اور دعائیں کی جا رہی ہیں۔
زائرین میں سلسلہ چشتیہ کے روایتی تبرکات بھی تقسیم کئے جا رہے ہیں، عرس کی سب سے بڑی رسم بہشتی دروازہ کی قفل کشائی پانچ محرم الحرام کو ادا کی جائے گی۔
محکمہ پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں،عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس کی جانب سے 3000ہزار کے قریب پولیس افسران و اہلکاران کو تعینات کیا گیا ہے۔
۔











