اٹک،19 جولائی (اے پی پی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی ہدایات پر اٹک پولیس نے یکم تا 10 محرم الحرام کا سیکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ضلع بھر میں 754 مجالس کاانعقاد کیا جائے گا جس میں 181 اے کیٹگری،30 بی کیٹگری جبکہ 543 سی کیٹگری مجالس شامل ہیں۔ضلع بھر میں 145 جلوس منعقد ہوں گے جس میں 28 اے کیٹگری،25 بی کیٹگری اور 92 سی کیٹگری کے جلوس شامل ہیں۔
اٹک پولیس کی جانب سے ضلع میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں میں 2500 سے زائد پولیس افسران سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔
اس حوالےسے ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے اے پی پی سے گفتگو میں کہا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی،سیکیورٹی کے متعلق کسی قسم کی کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ کسی امن دشمن کو امن کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس پر کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں۔ جلوس اور مجالس میں شرکت کرنے والے ہر شہری کو چیک کیا جائے گا،کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس لائنز اٹک میں پولیس کی بھاری نفری کو الرٹ بھی رکھا جائے گا۔