ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب ثاقب ظفر کاضلع بہاولنگر میں ستلج کی دریائی بیلٹ کے مختلف مواضعات کا دورہ

19

ملتان ،14جولائی(اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے ضلع بہاولنگر میں ستلج کی دریائی بیلٹ کے مختلف مواضعات کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرہ علاقے عاکوکا، قاسم کا کا معائنہ کیا اور  بنیادی مرکز صحت قاسمکا اور دیگر مقامات پر قائم  ریلیف کیمپس کا بھی دورہ کیا۔

 ایڈیشنل چیف سیکرٹری ثاقب ظفر نے  امدادی پوسٹوں کا بھی معائنہ کیا اور سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان اور ادویات کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ حکومت  پنجاب اس مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ دریائی علاقہ کے متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ سیلابی صورتحال ابھی انتظامیہ کے کنٹرول میں ہے۔

سیکرٹری انہار جنوبی پنجاب اعجاز خالق رزاقی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پورے جنوبی پنجاب میں دریاوں میں پانی کے  بہاو کا مسلسل جائزہ لیا جارہا ہے اور فلڈ بندوں کو دن رات واچ کیا جارہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر بہاولنگر نے بریفنگ میں بتایا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ الرٹ ہے اور پولیس، ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کی جانب سے کیمپس قائم کردئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ انتظامیہ کے پاس تمام مطلوبہ ادویات موجود ہیں۔