ٹنڈو محمد خان؛ووٹ کے اندراج یا منتقلی کی تاریخ میں ایک ہفتے کا اضافہ،عوام اپنا ووٹ درست کروائیں،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر

14

ٹنڈو محمد خان، 14جولائی (اے پی پی): ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد حسن نے کہا  ہے کہ ووٹ دینا ہر ایک کا بنیادی حق ہے، ووٹ کے ذریعے ہی اپنے امیدوار کو منتخب کیا جاتا ہے، ووٹ کے اندراج یا منتقلی کی تاریخ میں ایک ہفتے کا اضافہ کیا گیا ہے، جو ووٹر تاحال اپنا اندراج نہیں نہیں کرواسکے ہیں وہ اس اضافے وقت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ووٹ کا اندراج یا منتقلی کا عمل مکمل کرلیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ڈسٹرکٹ پریس کلب میں میڈیا سے  گفتگو   کرتے ہوئے  کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کی تیاریاں تکمیل کے مراحل میں ہیں، گزشتہ دو ماہ سے ووٹر آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا تھا تاکہ عوام اس عمل میں بھرپور طریقے سے حصہ لے کر اپنا ووٹ کا اندراج یا انہیں صحیح جگہ پر ٹرانسفر کر سکیں، دو ماہ کی  مہم کے دوران اسکولوں اور کالجوں میں مختلف سیمینارز کے انعقاد سے طلباء و طالبات کو آگاہی فراہم کی گئی جس کا بھرپور رسپانس ملا، گزشتہ دو ماہ کے دوران مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنے ووٹ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے دفتر پہنچ کر ووٹ کے اندراج اور صحیح جگہ منتقلی کے لیے فارم بھی جمع کرائے۔

 ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد حسن کا کہنا تھا کہ ووٹرز کی سہولت کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹ کے اندراج اور منتقلی کی آخری تاریخ 13 جولائی سے بڑھا کر 20 جولائی کر دی ہے، ڈسٹرک ٹنڈومحمدخان کے مختلف علاقوں میں 10 فارم جمع کرانے کے مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ دور دراز علاقوں کے لوگ اپنے اپنے علاقے میں فارم حاصل کر کے اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں یا صحیح جگہ پر منتقل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹرز آگاہی مہم نوجوانوں میں الیکشن میں حصہ لینے کا شعور پیدا کرنے کے لیے جاری رہے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان آئندہ الیکشن میں حصہ لے کر ملکی سیاست و خدمت میں خود کو اعتماد میں لے سکیں۔