تھرپارکر؛صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدگی سے کوششیں کر رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر

12

تھرپارکر،05 جولائی (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر لعل ڈنو منگی نے کہا ہے کہ تھرپارکر میں صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدگی سے کوششیں کر رہے ہیں، علاج معالجے کی سہولیات سمیت صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ضلع تھرپارکر میں عوام کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کر رہی ہے جبکہ علاج معالجے اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سول اسپتال مٹھی، تعلقہ اسپتالوں سمیت دیہات میں قائم صحت کے مراکز پر عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہر ممکن کوششیں کی جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ہسپتالوں میں علاج کے لیے آنے والے مریضوں کے بہتر علاج سمیت دیگر انتظامات کو بہتر بنایا جائے جبکہ ہسپتالوں میں پینے کا صاف پانی، صفائی سمیت دیگر امور پر خصوصی توجہ دی جائے۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سول ہسپتال مٹھی میں بچوں کے وارڈ اور زنانہ وارڈ پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان وارڈز میں صفائی ستھرائی اور ایئر کراسنگ پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کے ساتھ صحت مند ماحول بھی میسر آسکے۔ انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں پی پی ایچ آئی کو بھی اپنے صحت کے مراکز میں کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو دیہات میں قائم صحت کے مراکز کا دورہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان تمام صحت کے مراکز پر ادویات سمیت عملہ کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ صحت کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوئی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تھرپارکر سنجے کمار ترکیو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر ہرچند، ڈی ایم، پی پی ایچ آئی تھرپارکر میڈم رابعہ، سول سرجن سول ہسپتال مٹھی ڈاکٹر زاہد محمود، اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عبدالحمید مغل اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔