جلال پورپیروالہ ،05 جولائی (اے پی پی ): حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر محکمہ لائیو سٹاک ساﺅتھ پنجاب نے مویشیوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے ایڈوائزری جاری کردی۔اس سلسلے میں جلال پورپیروالہ میں محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے مویشی پالنے والوں کو آگاہی بھی دی جارہی ہے۔
جانوروں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر جمشید نے کہا کہ بارش کی صورت میں مویشیوں کو بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے ساتھ نہ باندھیں، موسمی سختی سے بچانے کیلئے شیڈ بنائیں ،فارم یا شیڈ کی باقاعدگی سے صفائی کریں اور تازہ پانی فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ مویشی پالنے والے افراد بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرات کے پیش نظر جانوروں کا چارہ اور بھوسہ پہلے سے ہی محفوظ کرلیں انہی احتیاطی اقدامات پر عمل کرکے جانوروں کو ممکنہ سیلاب کے خطرات سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔











