سرگودھا،10 جولائی (اے پی پی ): رکن قومی اسمبلی بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا اور حامد حمید نے کہا ہے کہ حکومت دیہی علاقوں کی تعمیر وترقی کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے، عام عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔
وہ132کے وی بھاگٹانوالہ گرڈ سٹیشن اور سرگودھا سیکنڈ کی اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر چیئرمین فیسکو (واپڈا) ملک تحسین اعوان بھی موجود تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کے دیرینہ مطالبہ پر بجلی سے متعلقہ شکایات کے خاتمہ کیلئے گرڈسٹیشن کو اپ گریڈکردیا گیا ہے جس سے علاقے میں ترقی کے نئے باب کھلیں گے۔
چیئرمین فیسکو (واپڈا) ملک تحسین اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر دور دراز پسماندہ علاقوں میں ترقی کے سفر کو مزید تیز کرنے کے لئے فیسکو ریجن میں برقی ترقیاتی کاموں کی رفتارمیں تیزی لائی جارہی ہے تاکہ ان علا قوں کے عوام کو بھی بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے،فیسکو ریجن میں صارفین کو معیاری سروسز کی فراہمی کیلئے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جار ہے ہیں۔132کے وی بھاگٹانوالہ گرڈ سٹیشن پر12کروڑ96لاکھ روپے خطیر رقم سے نئے 20/26ایم وی اے استعداد کاپاور ٹرانسفارمر نصب کیا گیا ہے۔یہاں سے 6 نئے فیڈر نکالے جائیں گے اور 8 ہزار نئے کنکشنز کا اجرا ہوسکے گاجبکہ سرگودہاسیکنڈ گرڈ پر12کروڑ58لاکھ کی لاگت سے40ایم وی اے کے پاور ٹرانسفارمرکی تنصیب مکمل کی گئی ہے۔
چیئرمین فیسکو (واپڈا) ملک تحسین اعوان نے کہا کہ قبل ازیں بھاگٹانوالہ اور سرگودہا گرڈسٹیشن اوور لوڈتھے جس کی وجہ سے صارفین کو لو وولٹیج اور دوسرے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔اب مذکورہ گرڈز پر دوگنی استعداد کے پاور ٹرانسفارمرز کی تنصیب سے لو وولیٹج اور بجلی سے متعلقہ دیگر مسائل کا خاتمہ ہو گااور صارفین کو بجلی کی بلا تعطل ترسیل ہو گی۔
جنرل منیجر رانا ایوب اور ڈائریکٹر فیسکو بور ڈ محمد علی رانجھا بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ جنرل منیجر رانا ایوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھاگٹانوالہ اور سرگودہا گرڈسٹیشن کی اپ گریڈیشن سے علاقے کی عوام کو مزیدبہتر سہولیات میسر ہونگی اورنئے کنکشنز کا اجراءزیادہ تیزی ہو گا جس سے علاقے میں صنعتی،زرعتی اورتجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔بھاگٹانوالہ،سرگودہا اور نواحی علاقوں کو اسکا فائدہ پہنچے گا۔
ڈائریکٹر فیسکو بور ڈ محمد علی رانجھا نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بھاگٹانوالہ اور سرگودہا گرڈ کی اپ گریڈیشن کروانے پرسابق وزیر مملکت و رکن قومی اسمبلی بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا،چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرفیسکو ملک تحسین اعوان اور فیسکو انتظا میہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی کاوشوں سے مختصر عرصہ میں ان گرڈسٹیشنوں کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔
بعد ازاں سابق وزیر مملکت و رکن قومی اسمبلی بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا،رکن قومی اسمبلی حامد حمید، احمد،بورڈ ڈائریکٹرز چوہدری محمد علی رانجھا اور دیگرنے گر ڈز کی دوگنی استعداد پر اپ گریڈیشن کا افتتاح کیااور دعا مانگی۔ تقریب میں فیسکو افسران اور عمائدین شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پرجنرل منیجر آپریشن فیسکو رانا محمد ایوب، ایس ای جی ایس او سرکل راو ¿ محمد علی قمر، ایس ای سرگودہا سرکل ابرار احمد،ایڈیشنل پراجیکٹ ڈائریکٹر جی ایس سی راشدمحمود، ایکسیئن راجہ علی نواز خان و فیسکو کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔











